لاہور: مسلم لیگ ن کے ناراض ارکان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ یقین ہے موجودہ حکومت ملک کومضبوط اور خوشحال بنائےگی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے 3 ناراض اراکین اسمبلی ایم پی اے نشاط ڈاہا، اظہرعباس چانڈیو، فیصل نیازی چوہدری نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ن لیگی اراکین کی پارٹی سے ناراضی،سیاسی صورت حال و دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن اراکین بھی مل سکتے ہیں، اپوزیشن سے عوامی خدمت کے لیے آنے والے کو خوش آمدید کہیں گے۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے لوگ سمجھ رہے ہیں عمران خان مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں، سیاسی وذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک وقوم کے لیے سوچ رہے ہیں۔
دوسری جانب لیگی ایم پی اے نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ صرف ہم 3 ہی نہیں پارٹی سےاور بھی لوگ ناراض ہیں۔ لیگی ارکان اسمبلی نے کہا کہ یقین ہے موجودہ حکومت ملک کو مضبوط اور خوشحال بنائےگی۔
نوازشریف خود لوٹے ہیں، لیگی ایم پی اے
یاد رہے کہ دو روز قبل اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں ن لیگ کےناراض رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ نوازشریف خود لوٹے ہیں۔