مسلم لیگ ن کے وزرا اور رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت کے فیصلے سے جمہوریت کا بول بالا ہوا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر برقرار رہنے کے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے بعد ن لیگی رہنماؤں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور طلال چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز شریف ایک بار پھر وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ آج اس کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
چوہدری شجاعت کے مدبرانہ فیصلے کی قدر کرتے ہیں۔ ان کے فیصلے نے جمہوریت کو مضبوط کیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ اگر یہ کامیابی دوسری طرف ہوتی تو آپ کو ایک بیہودہ گفتگو سننے کو ملتی۔ غرور وتکبر میں غرق لوگوں نے اپنےسیاسی مخالفین کو گالیاں دیں لیکن پنجاب کے عوام رواداری اور ترقی کی سیاست کو پسند کرتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی ہدایت کے برعکس رکن اسمبلی ووٹ نہیں دے سکتا۔ عدالتی فیصلے کی روشنی میں25ارکان پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے محروم ہوئے۔ 63 اے کے تحت سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا کہ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ شمار نہیں کیا جائے گا اور پارٹی کے خلاف ووٹ ڈالنے والا رکن بھی ڈی سیٹ ہوگا۔