بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نصراللہ گھمن نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرلی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نصراللہ گھمن نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نصر اللہ گھمن ساتھیوں سمیت بنی گالہ پہنچے اور عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں پارٹی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرلی۔

اس موقع پر نصر اللہ گھمن کا کہنا تھا عمران خان نے آئین وقانون کی بالادستی کیلئے جدوجہدکی، ووٹ کی حرمت، شفاف الیکشن کیلئے عمران خان کا کردار قابل تعریف ہے، پنجاب میں عوام تبدیلی کیلئے عمران خان کا راہ دیکھ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ نصراللہ گھمن کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان اور اسکے سیاسی نظام کو غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے، نئے پاکستان کی تعمیر کی منزل انشااللہ قریب ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک بھرخصوصاًپنجاب میں تبدیلی کی تڑپ دیکھ رہا ہوں، جلد ملک گیرانتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔

خیال رہے کہ 2 مارچ کو مسلم لیگ ن کے حلقہ 81 سے منتخب ہونے والے  رکن قومی اسمبلی نثار احمد جٹ نے ساتھیوں سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

دریں اثناء فروری میں گوجرانوالہ سے منتخب ہونے والے موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میاں طارق اور میاں مظہر نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔


مزید پڑھیں: کپتان کا باؤنسر، ن لیگ کی قومی اسمبلی سے بڑی وکٹ گر گئی


مسلم لیگ ن کو خیرباد کہنے والوں میں 3 میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور دیگر بلدیاتی نمائندے شامل تھے علاوہ ازیں سابق اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر غلام سرور اور میاں مظہر جاوید نے بھی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن کو الوداع کہا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں آئین کی انتخابی شق میں ختم نبوت ﷺ کے قانون کی ترمیم کے معاملے پر مسلم لیگ ن گوجرنوالہ کے عہدیدار مخدوم ارشد قمر نے ساتھیوں سمیت پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔


مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کے رکن قومی و صوبائی اسمبلی تحریک انصاف میں شامل


ارشد قمر نے پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے مؤقف اختیار کیاتھا کہ ’میں پنجاب کی علماء کمیٹی کا اہم رکن تھا اور متعدد بار پارٹی قیادت کے سامنے ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر آواز بلند کی مگر شنوائی نہیں ہوئی‘۔

قبل ازیں ایک روز قبل یعنی 23 دسمبر کو مسلم لیگ ن پی پی 62 سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی رضا نصر اللہ گھمن نے ایم پی اے کی نشست سے استعفیٰ دیا تھا۔

مسلم لیگ ن کو ختم نبوت کے معاملے پر پہلا بڑا دھچکا فیصل آباد کے جلسے میں لگا تھا کیونکہ اس جلسے میں  رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، ڈاکٹر نثا جٹ جبکہ رکن پنجاب اسمبلی نظام الدین سیالوی، محمد خان بلوچ، مولانا رحمت اللہ سمیت کئی بلدیاتی امیدواران نے بھی مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں