لاہور : مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لئے حکومت کو درخواست دینے پر غور کیا جارہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں شہبازشریف کی وکلا سے مشاورت جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک جاسکتے ہیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لئے حکومت کو درخواست دینے پر غور کیا جارہا ہے اور شہباز شریف کے نواز اور مریم کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لئے وکلا سے مشورے جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹیلٹس کا مستحکم نہ ہونا تشویشناک ہے، ڈاکٹر عدنان لندن میں نواز شریف کے معالج سے رابطہ کریں گے، غیر ملکی ڈاکٹرز کی رائے اور مشاورت کی فائل تیار کی جارہی ہے، ضرورت پڑنے پر غیر ملکی ڈاکٹرز کی تجاویز پر مبنی فائل قانونی فورم پر استعمال کی جائے گی جبکہ شریف فیملی کےہارلےاسٹریٹ کلینک کےڈاکٹرز سے بھی مشاورت جاری ہے۔
مزید پڑھیں : نواز شریف کے پلیٹ لیٹس پھر گر گئے ، حالت انتہائی تشویشناک
گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس گر گئے ہیں اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، بار بار پلیٹ لیٹس کم ہونےکی وجہ معلوم نہیں ہورہی، نوازشریف کےعلاج کے لئے دستیاب سہولتیں استعمال کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے دو روز قبل سابق وزیراعظم نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا ، جس کے بعد انھیں شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کرنا تھا تاہم انھیں جاتی امرا پہنچا دیا گیا تھا، جہاں ان کیلئے ڈاکٹر عدنان کی زیرنگرانی انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کیاگیا ، جس میں وینٹی لیٹر اورکارڈیک کی سہولیات موجود ہیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نوازشریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہا تھا کہ جاتی امرامیں نواز شریف اپنے گھر پر علاج کرائیں گے۔