لاہور : نون لیگ کے کارکنوں نے ڈیفنس موڑ پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردیا، کارکنان کی گرفتاریوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ماضی میں دھرنے دینے والوں پر انگلیاں اٹھانے والوں نے خود بھی دھرنا دے دیا۔ لاہور میں نون لیگ کے کارکنوں نے اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کیخلاف دھرنا دے دیا۔
مشتعل کارکنان نے ڈیفنس موڑ پر کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کے دوران ٹریفک روک دیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دھرنا چار رگھنٹے تک جاری رہا، اس دوران کارکنان نے حکومت کیخلاف شیدی نعرے بازی کرتے ہوئے کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
دھرنے کے باعث والٹن روڈ، ڈیفنس مین بلیورڈ، کیولری گراؤنڈ، فردوس مارکیٹ اور شہر کے دیگر علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم کارکنوں کی گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنان بھی ڈیفنس موڑ چوک پر لیگی کارکنوں سے اظہاریکجہتی کے لیے احتجاج میں شریک ہوئے، مظاہرین نے گاڑیوں پر ڈنڈے بھی برسائے، بعد ازاں چار گھنٹے تک احتجاج کرنے والے کارکنان دھرنا ختم کرکے گھروں کو روانہ ہوگئے۔