پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، اراکین کے شہباز شریف سے سخت سوالات

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : شہباز شریف کی زیرصدارت نون لیگ کے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، لیگی ارکان نے قائدین سے سخت سوالات کیے، شہباز شریف نے میڈیا نمائندوں کو باہر بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے لیگی ارکان نے سخت سوالات کیے، اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے میڈیا نمائندوں سے باہر جانے کا کہا۔

ارکان نے سوال کیا کہ مسلم لیگ ن مسلسل اقتدار میں رہی لیکن آزاد ارکان اس کے ساتھ کیوں نہیں آئے؟ شہباز شریف نے لیگی ارکان کو بتایا کہ مسلم لیگ ن نے آزاد ارکان سے رابطے کیے مگر سب نے آنکھیں دکھائیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ رابطہ کیا تو آزاد ارکان نے ایسی باتیں کہیں جو بیان نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر شہباز شریف لیگی ارکان کو پارٹی کے نامزد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ووٹ دینے کی تلقین کرتے ہوئے اندیشوں کا شکار نظر آئے۔

متعدد ارکان نے دھاندلی کیخلاف جارحانہ حکمت عملی نہ ہونے کا شکوہ بھی کیا، اراکین نے شکوہ کیا کہ پیپلزپارٹی نے پہلے خورشید شاہ کو اسپیکر کا امیدوار نامزد کردیا، اب ایک خاتون کو امیدوار بنا دیا،

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ قائد نوازشریف کے جیل جانے سے الیکشن مہم متاثر ہوئی، آزاد امیدواروں نے پنجاب میں حکومت سازی میں ساتھ نہیں دیا،

ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں خورشیدشاہ سے متعلق تعریفی کلمات کہے گئے، ن لیگی اراکین کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ نے بطور اپوزیشن لیڈر ایوان کو بہتر طریقے سے چلایا، توقع ہے آپ بھی ایوان میں حاضررہیں گے،

ن لیگی اجلاس میں نواز شریف کو بکتربند گاڑی میں عدالت لانے کی مذمت کی گئی، خاتون لیگی رکن شائستہ پرویزملک نے کہا کہ نواز شریف جیل چلے گئے لیکن ہم نےاحتجاج تک نہیں کیا، آج بھی نوازشریف کی پیشی پراظہار یکجہتی نہیں کیا گیا،

اراکین نے مشورہ دیا کہ وزیراعظم کے انتخاب کے دن سب کالی پٹیاں باندھ پارلیمنٹ جائیں، بطور قائد آپ پارلیمنٹ کو ٹائم دیں اور زیادہ حاضر رہیں، مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ شو کرنا ہے کہ آپ لیڈر ہیں، تمام نظام ٹیم ورک سے چلانا ہے

لیگی ارکان سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا دھاندلی زدہ الیکشن کے باوجود اسمبلی کا حلف لیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسمبلی میں بھرپوراپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں