اسلام آباد : عدالت عظمیٰ نے ن لیگ کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو عدم حاضری پر جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر اعوان کے بھائی اور سابق جج اعجاز افضل کے بھائی میں جائیداد کا تنازعہ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
اس موقع پر کیپٹن (ر) صفدر کے بھائی سجاد اعوان کے وکیل سینیٹر اعظم نذیر تارڑعدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر سپریم کورٹ نے ان پر10ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ مذکورہ جرمانے کی رقم کسی فلاحی ادارے میں جمع کرائی جائے،اعظم نذیر تارڑ اس سے قبل بھی تین بار التواء مانگ چکے ہیں۔
سپریم کورٹ کے جج ،جسٹس عمرعطا بندیال کا کہنا ہے کہ بغیر اطلاع وکیل سمیت دوسرے فریق میں سے کوئی پیش نہیں ہواکافی عرصے سے کیس چل رہا ہے مزید لٹکانا نہیں چاہتے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے مذکورہ مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔