اسلام آباد: سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف کی بارہ کہو آمد کے موقع پر قانون کی دھجیاں بکھری دکھائی دیں۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود ن لیگی کارکنان نے ریلی نکالی اور ہلڑ بازی کی۔ پولیس سیکیورٹی کے نام پر سابق وزیر اعظم کو پروٹوکول دیتی رہی۔
تفصیلات کے مطابق سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف مری سے بارہ کہو پہنچے۔
ان کی آمد کے موقع پر شہر اقتدارمیں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود لیگی کارکنان نے ریلی نکالی۔ پابندی کے باوجود کوئی روکنے والا نہیں تھا۔ پولیس والے بھی خاموش تماشائی بنے رہے۔
قانون کے احترام کا دعویٰ کرنے والے میاں صاحب ریلی کے شرکا کو قانون کے احترام کا درس تو کیا دیتے، خود ہی گاڑی سے باہر آگئے اور نعروں کا جواب دیا۔
People escorting Nawaz Sharif’s car on our way back from Murree. It was unannounced. pic.twitter.com/vCembuPo5f
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 5, 2017
سابق وزیر اعظم کی جانب سے قانون کی اس خلاف ورزی پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم گرانا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ ریفرنسز سے پہلے چاہتے ہیں کوئی راستہ نکل آئے، قوم اطمینان رکھے یہ لوگ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے بھی ن لیگ اور نواز شریف پر سخت تنقید کی۔
مزید پڑھیں: بہت کچھ سمجھ میں آرہا ہے لیکن خاموش رہنا چاہتا ہوں، نواز شریف
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی سپریم کورٹ کے فیصلوں کا مذاق اڑایا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نواز شریف کو ن لیگ کی صدارت سے ہٹانے پر عمل نہیں کر رہا۔
انہوں نے سوال کیا کہ نااہل شخص کو کیسے حکومت کی جانب سے استقبالیہ مل رہا ہے۔