لاہور : سابق لیگی رہنما زعیم قادری کی پارٹی سے بغاوت کے بعد ن لیگ نے امیدواروں کے ناموں کا فوری اعلان مؤخرکردیا، خواتین کی مخصوص نشستوں کے ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق لیگی رہنما زعیم قادری کی پارٹی قیادت کےخلاف بغاوت نے ن لیگی قیادت کی نیندیں اڑادیں، شہبازشریف کولندن سےہنگامی طور پرواپس آنا پڑا۔
شہباز شریف کی لندن سے واپسی پر پارٹی رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پارٹی معاملات سمیت موجودہ صورتحال اور لیگی رہنماؤں کو ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت کی گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع امیدوار وحید عالم خان کو این اے133سے ٹکٹ دینے کے معاملے پردوبارہ غورکیا جائے گا جبکہ مزید کسی بھی بغاوت کےخوف سے ن لیگ نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا اعلان چند روز کے لیےموخر کردیا ہے۔
اس کے علاوہ ن لیگ کو خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی اندرونی طور پرشدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
دوسری جانب حلقہ این اے 133سے مسلم لیگ ن کے متوقع امیدوار وحید عالم خان نے زعیم حسین قادری کے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وحید عالم کا کہنا ہے کہ لاہور شریف خاندان کی جاگیر ہے، دوسروں کو بوٹ پالش کرنے کا طعنہ دینے والے زعیم قادری بتائیں کہ وہ بیس سال سے ن لیگ میں کیا کر رہے تھے؟
،مزید پڑھیں: زعیم قادری کی ن لیگ سے بغاوت، آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان
وحید عالم نے مزید کہا کہ ووٹ صرف نواز شریف کا ہے زعیم قادری الیکشن لڑنے کا شوق پورا کر لیں انہیں آٹے دال کے بھاﺅ کا لگ پتہ جائے گا، پریس کانفرنس کے دوران تنویر نثار گجر سمیت متعدد یونین کونسلز کے چیئرمینوں نے وحید عالم خان کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔