اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے اے آر وائی نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر حملے کی کوشش کی اور رپورٹر کو ہراساں کرکے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی۔
تفصیلات کے مطابق سچ دکھانا حق بتانا ایک بار پھر اے آر وائی کا جرم ٹھہرا، سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی کے موقع پر لیگی کارکن آپے سے باہرہوگئے اور احتجاجی ریلی کی کوریج کرنے والی اے آروائی نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر حملے کی کوشش کی۔
فیض آباد انٹر چینج پر اے آروائی نیوز کے اینکر عادل عباسی رپورٹنگ ٹیم کے ساتھ ساتھ نوازشریف کی احتجاجی ریلی کی کوریج میں مصروف تھے کہ ہلڑ مچاتے لیگی کارکنوں نے ٹیم کو گھیر لیا، ہراساں کرنے کی کوشش کی اور نازیبا الفاظ ا ستعمال کئے۔
جس کے بعد پولیس نے کارکنوں کو اے آروائی نیوز کی وین سے دور دھکیلا اور ڈی ایس این جی پر دھاوا ناکام بنادیا۔
کارکنوں کی جانب سے اے آر وائی نیوز کے رپورٹرکو ہراساں کیا گیا اور موبائل چھیننے کی بھی کوشش کی گئی جبکہ لیگی کارکنوں نے اےآروائی نیوز کے رپورٹر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی۔