لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی قید کے خلاف مسلم لیگ ن نے ایوان سے علامتی واک آؤٹ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پرویزالہیٰ کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا تو مسلم لیگ ن کے رانا مشہود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 12 جون کو حمزہ شہباز کو جیل میں ایک سال مکمل ہوجائے گا، آج کے دن تک حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس نہیں بن سکا۔
رانا مشہود نے کہا کہ اسیرجمہوریت حمزہ شہباز کیلئے آواز اٹھاتے ہیں اور احتجاج کرتے ہیں، حمزہ شہباز کیساتھ سیاسی انتقامی کارروائیوں پراحتجاج کرتےہیں، حمزہ شہباز کی تاریخی جدوجہد کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا،ایک سال ہوگیا حمزہ شہباز بے گناہ گرفتارہیں۔
حمزہ شہباز کی گرفتاری اور ن لیگ کےواک آؤٹ پر وزیرقانون پنجاب نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کسی ایگزیکٹو آرڈر کےتحت جیل نہیں گئے وہ عدالتی حکم پرجیل میں ہیں، نواز شریف علاج کیلئےباہرگئے مفرور کہیں تونعرے شروع کر دیتےہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے ریمارکس دیے کہ پنجاب حکومت کا حمزہ شہبازکیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔