اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان بائیس سال بعد ہونے والی سیاسی رابطے نے ہلچل مچادی ہے، ایسے میں وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے حکمران جماعت کو بڑا پیغام دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کے حوالے سے منعقدہ عالمی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے وزیراعظم کی موجودگی میں کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں ، ہمارے سیاسی تعلقات ہیں، لوگوں سے ملنا ہمارا کام ہے جو ہمارے گھر آئے انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔
وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الہی نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آپ سے ایک تعلق ہے اور وہ نبھانے کے لئے ہے، ایک بارپی ٹی آئی والوں کو تگڑے طریقےسےکہہ دیں ‘گھبرانا نہیں’۔
کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے ۔ موجودہ ڈیموں کی سلٹنگ کی وجہ سے پانی جمع کرنے کی صلاحیت میں شدید کمی کالاباغ ڈیم کم سے کم وقت میں بن کر پورا کرے گا۔ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے کالاباغ ڈیم فیزیبیلٹی پروپوزل عنقریب کابینہ میں پیش کریں گے۔ #BuildKalaBaghDam
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) February 14, 2022
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مونس الہیٰ نے اعلان کیا کہ بہت جلد کالا باغ ڈیم کا پروپوزل لےکر کابینہ میں جائیں گے۔
بعد ازاں اپنے ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے لکھا کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے، موجودہ ڈیموں کی سلٹنگ کی وجہ سے پانی جمع کرنے کی صلاحیت میں شدید کمی ہے، جو کالاباغ ڈیم کم سے کم وقت میں بن کر پورا کرے گا، اس معاملے پر سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔