لاہور : مسلم لیگ ق کے پارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس آج طلب کرلیا گیا ، جس میں عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے یا حکومت کی حمایت جاری رکھنی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے یا حکومت کی حمایت جاری رکھنے سے متعلق فیصلے کے لیے مسلم لیگ ق کےپارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا۔
اجلاس کی صدارت مرکزی سیکریٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کریں گے ،ا جلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی بھی شریک ہوں گے۔
وفاقی وزیر مونس الٰہی، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین ،حسین الٰہی ، سینیٹ، قومی اسمبلی، پنجاب،کےپی اسمبلی کےتمام ق لیگ کے ارکان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ق لیگ کے مشاورتی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہٰی کو پنجاب میں اہم عہدے کی پیشکش کی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ق لیگ کو پیغام مشترکہ سیاسی دوستوں کےذریعے پہنچایاگیا، پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دیں اور آگے بھی ملکرچلیں گے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ ن لیگ کی پیشکش پر چوہدری پرویزالہیٰ نے ابتک کوئی جواب نہیں دیا۔