کراچی: پاکستان مسلم لیگ فنکشنل لیگ کے سنیئر رہنماء امتیاز شیخ کی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فنکشنل لیگ کے رہنماء نے لندن میں چیئرمین پیپلزپارٹی اور اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے بعد پی پی کا حصہ بننے کا اعلان کیا، امتیاز شیخ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ‘‘اُن کے مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی صدر صدر الدین شاہ سے تعلقات سرد مہری کا شکار تھے جس کے بارے میں انہوں نے اعلیٰ قیادت کو بھی آگاہ کیا تھا تاہم قیادت کی جانب سے اُن کے تحفظات دور نہیں کیے گئے تو انہوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
امتیاز شیخ مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے شکارپور سے صوبائی اسمبلی سندھ کے رکن ہیں علاوہ ازیں پی ایم ایل ایف حکومت کی اتحادی جماعت ہونے کی وجہ سے انہیں وزیر اعظم کا معاونِ خصوصی اور وفاقی وزیر کا درجہ بھی حاصل تھا تاہم 18 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد انہیں اسمبلی نشست سے استعفیٰ دینا ہوگا‘‘۔
ترجمان بلاول ہاؤس نے امتیاز شاہ کی پی پی میں شمولیت کے حوالےسے تصدیق کردی ہے جبکہ مسلم لیگ فنکشنل نے بھی پارٹی چھوڑنے کی تصدیق کردی ہے، پی پی ذرائع کے مطابق نئے شامل ہونے والے رکن کو سندھ میں اہم ذمہ داری دئیے جانے کا بھی قوی امکان ہے‘‘۔
قبل ازیں امتیاز شیخ کے بھائی مقبول شیخ اور بھتیجے نے پی پی میں شمولیت اختیار کی تھی، پارٹی چھوڑنے کے بعد رکن اسمبلی کو اپنی نشست سے استعفیٰ دینا ہوگا۔ امتیاز شیخ کے ترجمان ندیم مرزا کا کہنا ہے کہ ’’وہ اتوار کے روز وطن واپس پہنچ کر پی پی کی مقامی قیادت کے ساتھ شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے‘‘۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنماء منظور وسان نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ابھی پیپلزپارٹی میں سندھ کی اور اہم شخصیات پیپلزپارٹی کا حصہ بننے جارہی ہیں، علاوہ ازیں انہوں نے آج شام سکھر ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے ’’سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’’آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم کو کم نشتیں ملیں گی اور پاک سر زمین پارٹی متحدہ کے خلاء کو پورا کرے گی‘‘۔