اتوار, ستمبر 15, 2024
اشتہار

’بانی پی ٹی آئی کی آج بھی یہی سیاست ہے کہ میں ہوں تو ملک ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی آج بھی یہی سیاست ہے کہ میں ہوں تو ملک ہے۔

پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی جن پرکڑی تنقید کرتی تھی آج ان کو صاحب کہہ رہی ہے، ان کی سیاست ذاتی مفادات کے ہی گرد گھومتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں تحفظات ہیں تو مذاکرات کریں جلاؤ گھیراؤ نہیں، مسائل کا حل ٹیبل پر ہوتا ہے، جلاؤ گھیراؤ اور سانحہ 9 مئی نہیں کرنا چاہیے تھا۔

- Advertisement -

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے لیکن یہ کہتے ہیں پارلیمنٹ اور آئین کی کوئی حیثیت نہیں ہے، محمود اچکزئی سے بات کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کا مائنڈ سیٹ گریبان یا پاؤں پکڑنا ہے۔

دانیال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آج کل نئی پالیسی این آر او ہے یہ اسی کے لیے بھاگ رہے ہیں، آج این آر او وہی مانگ رہے ہیں جو کہتے تھے اے سی پنکھے اتروا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں رہی لیکن ان کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ نہیں ہے، یہ اپنی صفوں سے ایسے لوگوں کو نکالیں جو ملک کو تقسیم کرنے کی بات کرتے ہیں۔

دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی متنازع لوگوں کو اپنے سے الگ نہیں کرے گی تو چیزیں بہتر نہیں ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں