لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی الیکشن سے پہلے انصاف ملنا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ کوئی مجرم ہے تو اسے بھی سزا ملنی چاہیے، ووٹ کو عزت دو کا مطلب ہے کہ آئینی ادارے اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، سب کو لیول پلینگ فیلڈ کے تحت انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے لیکن 9 مئی کے پودے کی آبیاری نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صرف ریاست ہی نہیں بلکہ اس خطے کو بھی ان نواز شریف کی ضرورت ہے اس لیے اب آئینی ادارے محسوس کر رہے کہ اب نواز شریف کے راستے میں انتقام سے بھری رکاوٹیں حائل نہیں ہو سکتیں۔ نوازشریف کے کیسز کی تاریخ منتخب کی جائیں۔
جاوید لطیف نے کہا کہ علوی صاحب نگراں وزیراعظم کو خط لکھتے ہیں، وہ یہ کیوں نہیں کہتے چیئرمین پی ٹی آئی کے مقدموں کی تاریخ دی جائے، کیوں نہیں کہتے الیکشن سے پہلے آئین، قانون کے مطابق فیصلے ہوں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ 9 اور 10 مئی حملے میں سیاسی کارکن تھے یا دہشت گرد، حملوں کے ماسٹر مائنڈ دہشت گرد تھے، یا ایک مقبول رہنما، میانوالی میں جو دہشت گردی ہوئی اس پر بھی کہیں گے کہ مٹی ڈالو؟