اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں الیکشن کمیشن ارکان سمیت کسی بھی ترمیم کے لیے حکومت سے تعاون نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں جو رابطے تھے اب نہیں رکھے جاسکتے ہیں، الیکشن کمیشن اور دیگر معاملات میں حصہ نہیں بنیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ روایات گزشتہ تین چار ماہ سے شروع کی گئی ہیں، جانتے ہیں لندن میں مظاہرہ کرنے والوں کی سرپرستی کس نے کی ہے، نواز شریف کے گھر کا تقدس پامال کیا گیا تو آخر تک پیچھا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس تین ماہ تھے انہوں نے کیا کیا؟ ہم سیاسی دشمنی کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایسی صورت حال میں حکومت سے تعاون جاری نہیں رکھ سکتے، اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی یہی درخواست کروں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر احتجاج کیا گیا تھا، مظاہرین نواز شریف کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں، شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ ہیں۔