لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ کی قیادت نواز شریف کے پاس ہے، مریم یا حمزہ شہباز کے پاس نہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف ایک بار نہیں تین بار جیل کاٹ چکے ہیں، جب وہ ملک آئے تو انھیں زبردستی ملک بدر کر دیا گیا۔
پرویز رشید نے کہا کہ شہباز شریف کے بارے میں افواہیں سچ ثابت نہیں ہوں گی، وہ جیل سے گھبراتے ہیں اور نہ انھوں نے واپس آنے سے گریز کیا ہے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت نواز شریف کے پاس ہی ہے، مریم نواز یا حمزہ شہباز کے پاس نہیں، مجھ سمیت ہر لیڈر پارٹی کا کارکن ہے، لیڈر صرف نواز شریف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے پارٹی عہدے داروں کے ناموں کا اعلان کر دیا، مریم نواز نائب صدر مقرر
چند قبل پرویز رشید نے کہا تھا کہ مریم نواز سیاسی کارکن ہیں، سیاسی میدان میں بھرپور کردار ادا کرتی ہیں، لیکن انتخابی سیاست میں قانونی پیچیدگی کے باعث ابھی حصہ نہیں لے سکتیں، قانونی پیچیدگیاں دور ہوتے ہی مریم نواز انتخابی سیاست میں حصہ لیں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی تنظیم نو کے تحت چند دن قبل پارٹی عہدے داروں کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔