لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے صرف لاہور کو پنجاب سمجھ کر باقی صوبے پر ظلم کیا۔
تفصیلات کے مطابق سید صمصام علی بخاری نے نواز لیگ کے وائٹ پیپر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز لیگ نے وائٹ پیپر کے نام پر درحقیقت آئینہ دیکھا ہے، امن و امان پر تنقید کرنے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیوں بھول گئے؟۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے سرکاری خرچ پر کئی ایک کیمپ آفسز بنائے، بڑے بڑے دعوے کرنے والے وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال فنکشنل نہ کر سکے، عوام جانتے ہیں کہ انہیں وائٹ پیپر جاری کرنے کی کیوں اتنی جلدی ہے؟
صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز لیگ نے صرف لاہور کو پنجاب سمجھ کر باقی صوبے پر ظلم کیا، نام نہاد ترقی کے نام پر کنکریٹ کے جنگلے بنائے گئے، موجودہ حکومت نے وزیر اعظم اور وزراء کے اخراجات پر کم کئے، تعلیم اور صحت کے شعبے عمران خان کی اولین ترجیح ہیں، ملک میں پہلی مرتبہ غریب افراد کے لیے گھروں کا بندوبست کیا جا رہا ہے، نواز لیگ حقائق جھٹلا کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔
نوازلیگ اورپیپلزپارٹی کا اکٹھے ہونا صدی کا سب سے بڑا تضاد ہے، صمصام بخاری
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسمبلیوں میں دھمکی آمیز خطاب کسی کام نہیں آئیں گے، زرداری صاحب نے اپنے خطاب میں کوئی نئی بات نہیں کی، جمہوریت کی آڑ میں کسی کو کرپشن کے تحفظ کی اجازت نہیں دیں گے۔
صمصام بخاری کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن ہر آنے والے دن کے ساتھ عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو رہی ہے، کرپشن کرنے والوں کو ایک ایک پائی واپس کرنا ہوگی۔