جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

حکومتوں میں لانا اور لے جانا سیاسی جماعتوں کا نہیں، عوام کا کام ہے، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

لاڑکانہ: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومتوں میں لانا اور لے جانا سیاسی جماعتوں کا نہیں عوام کا کام ہے، سیاست دانوں سے ماضی میں ہونے والی غلطیوں کا فائدہ جمہوریت شکن قوتوں نے اٹھایا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی شہید کی موت کا زخم ہمارے دل پر بھی لگا ہے، بینظیر کی موت قومی سانحہ ہے جس کا دکھ آج بھی تازہ ہے، بینظیر اور شہید بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ بینظیر پر جان لیوا حملے کی ٹی وی پر خبر آئی تو میرے والد فوراً اسپتال پہنچے، نواز شریف کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوئے ، باہر آکر انہوں نے جیالوں کو گلے سے لگایا، بھٹو اور بینظیر کے قاتلوں کا آج کوئی نام لیوا نہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ آج نوازشریف اور بے نظیر کا نام لینے والے ملک بھر میں ہیں، نوا زشریف کو سزا دی گئی لیکن بینظیر کے قاتلوں کو سزا نہیں دی گئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاست دانوں نے اپنی غلطیوں کا ازالہ کیا اور سازشوں سے اجتناب کیا جس کی بدولت آج پہلی بار جمہوری حکومت اپنی مدتیں پوری کرنے لگیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ میرا بھی دل چاہتا ہے کہ نواز شریف کے نظریے کے لیے لڑوں، سیاسی حریف ہونے کے باوجود آج پی ڈی ایم قیادت ایک فیملی کی طرح اسٹیج پر موجود ہے، یہی ہے وہ سیاسی اقدار جس کی شروعات نواز شریف، بینظیر بھٹو نے کی تھی، میں ، بلاول اور تمام سیاسی قیادت اس اقدار کو آگے لے کر چلیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں