اسلام آباد: ٹوبہ ٹیک سنگھ سے منتخب مسلم لیگ (ن) کے رکنِ قومی اسمبلی اسد الرحمن نے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق رکنِ قومی اسمبلی اسد الرحمٰن نے قومی اسمبلی کے سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری کے ساتھ بد تمیزی کی تھی،جس کی انکوائری کے بعد کل اسپیکر قومی اسمبلی نے مذکورہ رکنِ اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی تھی،رکنیت کی معطلی کے بعد رکنِ اسمبلی نے آج اپنا استعفیٰ اسپیکر کے چیمبر میں جمع کرا دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے آئینی تقاضے پورے کرنے کے بعد رکنِ اسمبلی چوہدری اسد الرحمن کا استعفیٰ فوری طور پر منظور کر کے اپنے ریمارکس کے اندراج کے ساتھ رکنِ اسمبلی کا استعفیٰ الیکشن کمیشن کو بھیجوا دیا۔
یاد رہے مستعفی رکنِ قومی اسمبلی چوہدری اسدالرحمن ٹوبہ ٹیک سنگھ کی نشست این اے-94 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے، انہوں نے 102723 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی تھی جب کہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید قطب علی شاہ 64168 ووٹ لے کر دوسرے نمبر تھے۔