اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے انکشاف کیا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے اگر صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تو اپوزیشن کے متعدد اراکین ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف آنے والے عدم اعتماد کی تحریک میں مسلم لیگ ن کے 12 اراکین سینیٹ نے اپوزیشن کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
انہوں نے متحدہ اپوزیشن کو ایک بار پھر خبردار کیا کہ وہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو اپوزیشن جماعتوں کو مایوسی اور ناکامی کا سامنا ہوگا کیونکہ اُن کے پاس نمبر پورے نہیں ہیں۔ فیصل جاوید نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ شرمندگی سے بچنے کا آسان طریقہ یہی ہے کہ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہ لائی جائے۔
مزید پڑھیں: چیئرمین سینیٹ نے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا
تحریک انصاف کے سینیٹر نے یہ بھی بتایا کہ مسلم لیگ ن کے اراکین تکنیکی طور پر آزاد حثیثت رکھتے ہیں اور یہ اُن کی مرضی ہے کہ وہ ووٹنگ میں حصہ لیں یا پھر اس سے اپنے آپ کو علیحدہ رکھیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے تشکیل دی جانے والی رہبر کمیٹی چیئرمین سینیٹ کے نام کا حتمی اعلان جمعرات کے روز کردے گی۔
ذرائع کے مطابق نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے میر کبر اور میر حاصل بزنجو متحدہ اپوزیشن کے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ تمام جماعتیں نیا چیئرمین بھی بلوچستان سے ہی لانے کی خواہش مند ہے۔