تازہ ترین

شہباز شریف کے آفس سیکریٹری کرونا کا شکار

لاہور: مسلم لیگ ن کے  صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف  کے آفس سیکریٹری بدر شہباز کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بدر شہباز نے عید کی نماز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے ساتھ اُن کے گھر میں ہی ادا کی جس کے بعد اُن کی طبیعت خراب ہوئی۔

بدر شہباز نے طبیعت ناساز ہونے کے بعد ڈاکٹر سے رجوع کیا جس پر اُن کا کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ کروایا گیا اور آج ہی اُن کو رپورٹ موصول ہوئی۔

شہباز شریف کے آفس سیکریٹری کو ڈاکٹرز نے رپورٹ دیکھ کر بتایا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری کروناوائرس کا شکار

آفس سیکریٹری کو کرونا کی تشخیص ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر نے گھر میں تمام افراد کا داخلہ بند کرتے ہوئے خودکو احتیاطاً قرنطینہ کرلیا ہے۔

پنجاب کی صورت حال

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 579 کیسز سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 20 ہزار 656 تک پہنچ گئی۔

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق نئے رپورٹ ہونے والے کیسز مقامی منتقلی کے ہیں، لاہور میں کرونا وائرس کے 318نئے کیسز سامنے آئے جبکہ صوبے میں وائرس سے متاثر ہونے والے مزید 15 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 352 تک پہنچ گئی، اسی طرح کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی اضافے کے بعد 6 ہزار 124 تک پہنچ گئی۔

ہیلتھ کیئر ترجمان کے مطابق پنجاب میں اب تک دو لاکھ نو ہزار دوسو ستر افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔

Comments

- Advertisement -
حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں