فیصل آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ اور سرغنہ عمران خان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت واقعات ہوئے، عمران خان نے کہا مجھے گرفتار کیا تو ایسا ہی ہونا تھا، جو کچھ ہوا وہ پی ٹی آئی رہنما، کارکنوں نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بہکاوے کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوا ہے لوگوں کے مستقبل تباہ ہوگئے عمران خان کو ہمدردی کرنی چاہیے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ 9 مئی کے لیے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، ملوث عناصر کو سزا سے بچانے کے لیے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ن لیگ کسی کو بھی پارٹی میں شمولیت پر جلد بازی نہیں کرے گی جن کے پاس امیدوار نہیں وہ پی ٹی آئی کے سابقہ رہنماؤں کو شامل کریں، کسی پریس کانفرنس کرنے والے کو اپنی پارٹی کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے بعد اداروں کے خلاف دوبارہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جو ہوا اس کی پلاننگ کئی سال کی ہے اب ان واقعات عناصر کو سزائیں دلانا ریاست کے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔