اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد سے قبل حکومت کو بڑا دھچکا ملا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) سے سات اراکین قومی اسمبلی نے خفیہ ملاقات کی ہے، اور (ق) لیگ کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ایم این ایز نے گذشتہ تین روز کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ اور صدر مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت سے ملاقات کی، کن کن ارکان اسمبلی نے قاف لیگی قیادت سے خفیہ ملاقاتیں کیں؟ فی الحال نام سامنے نہیں آسکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ق لیگ نے وزیراعظم عمران خان سے آج ہونے والی ملاقات کی تردید کردی ہے، کامل علی آغا نے کہا کہ نہ ہی چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کی وزیراعظم کے ساتھ کوئی ملاقات ہورہی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی شیڈول تیار یا رابطہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ق نےکل وزیراعظم سے ملاقات کی تردیدکردی
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی میں فاروڈ بلاک بنانے، اپوزیشن رہنماؤں سے مل کر پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان مطمئن ہیں اور عدم اعتماد میں اپوزیشن کو شکست کا سامنا کرنا پڑیگا۔