اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے علاج کا تمام خرچہ اُن کے صاحبزادوں نے برداشت کیا،سرکاری خزانے سے کچھ خرچ نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نواز شریف کے علاج اوروطن واپسی پر سرکاری خزانے کے بے دریغ استعمال کے الزامات کا جواب دے رہے تھے،انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کے علاج کا تنان خرچہ اُن کے صاحبزادوں نے اُٹھایا ہے سرکاری خزانے سے اس مد میں ایک پائی بھی ادا نہیں کی گئی ہے حالانکہ وزیر اعظم کا یہ استحقاق ہے کہ وہ اپنا علاج سرکاری خزانے سے کرا سکتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الزام لگانے والے یا تو باخبر ہیں یا جان بوجھ کر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں مجھے بتایا جائے کس طرح پی آئی اے کی ایک پرواز پرچالیس کروڑ کا خرچہ آسکتا ہے؟
ٹی او آرز کے حوالے سے صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر پرویز رشید نے بتایا کہ اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کے چھر اراکین میں سے تین اراکین کی سوچ مختلف ہے جب کہ تین اراکین علیحدہ رائے رکھتے ہیں،اس معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی کا موقف اپوزیشن سے مطابقت نہیں رکھتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومتی پارلیمانی کمیٹی کے چھ کے چھ اراکین کا موقف ایک ہی ہے اس حوالے ایک اجلاس ہونے جارہا ہے کوشش کریں گے اپوزیشن جماعتیں بھی اس اجلاس میں شرکت کریں تا کہ ٹی او آرز پر متفقہ رپورٹ مرتب کی جا سکے۔