لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، ذرائع نے کہا ہے کہ ن لیگ کی مرکزی قیادت نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کی مخالفت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج آزادی مارچ میں شرکت کے سلسلے میں پی ایم ایل این کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی قیادت نے مارچ میں شرکت کی مخالفت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے شہباز شریف، احسن اقبال اور ظفر الحق بھی مولانا کے مارچ میں شرکت کے حامی نہیں ہیں، دوسرے درجے کے رہنماؤں نے مولانا کے مارچ میں شرکت کی تجویز دی ہے۔
بتایا گیا کہ پارٹی کے بڑے رہنما آزادی مارچ کے حق میں نہیں ہیں، دوسری طرف چھوٹے رہنما مارچ میں شرکت کی تجویز دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان بلاول بھٹو ملاقات بے نتیجہ، پی پی چیئرمین میڈیا سے بات کیے بغیر روانہ
ذرائع کے مطابق جاوید لطیف، امیر مقام اور سینیٹر پرویز رشید مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں شرکت کے حامی ہیں۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ نواز شریف کے سامنے یہ تجاویز رکھی جائیں گی، خدشات بھی پیش کیے جائیں گے، جس کے بعد آخری فیصلہ وہی کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی تاحال آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ نہیں کیا ہے، گزشتہ دنوں مولانا فضل الرحمان کی بلاول بھٹو کے ساتھ اہم بیٹھک ہوئی تھی، تاہم یہ ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی تھی۔
اس ملاقات میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف کے درمیان کوئی فارمولا طے نہیں ہو سکا تھا، بلاول بھٹو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کیے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے تھے۔