اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست پر ہائیکورٹ میں سماعت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع اور سیکٹر کمانڈر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتا شاعر احمد فرہاد کے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا میں سیکریٹری دفاع اور سیکٹر کمانڈر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رہا ہوں، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری دفاع اس کے ذمہ دار ہیں، اگر ضرورت پڑی تو وزیر اعظم کو بھی بلاؤں گا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا اگر یہ اغوا کاروں کو طے نہیں کریں گے تو گھر جائیں گے، میں نے آئی جی کو بتایا تھا کہ اگر کوئی لاپتا ہوگا تو ذمہ داری ان پر ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری دفاع سے پیر کے روز رپورٹ طلب کر لی، عدالت نے حکم دیا کہ سیکریٹری دفاع آئی ایس آئی اور ایم آئی سے رپورٹ لے کر جمع کرائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس میں کہا شاعر احمد فرہاد کو لاپتا افراد پر بات کرنے کی وجہ سے وہ اٹھایا گیا ہے، یہ باعث شرم بات ہے، اور ہم سب کو پتا ہے کہ کون کیا کر رہا ہے، جو غریب اٹھایا جاتا ہے سالوں بعد واپس آتا ہے تو فیملی کہتی ہے کچھ نہ بولنا اب، میں تو کہتا ہوں قانون سازی ہونی چاہیے، لاپتا افراد کے معاملے میں سزائے موت ہونی چاہیے، امید تو ہے کہ ہمارے کہنے پر لاپتا افراد ایکٹ بنے گا۔

انھوں نے کہا وہی لوگ مسنگ ہیں جو بات کرتے ہیں، اور زیادہ تر ان میں سے صحافی ہیں، سیاسی ایکٹیویٹس کو بھی اٹھا لیا جاتا ہے، کہاں ہے وزارت اطلاعات۔ اگر بندہ بازیاب نہ ہوا تو سب کے خلاف کارروائی کے لیے لکھوں گا۔

اہم ترین

مزید خبریں