اردو اور پنجابی زبان کے معروف شاعر نثار ناسک کی آج پہلی برسی منائی جارہی ہے۔
نثار ناسک ”دل دل پاکستان“ جیسے مقبول ترین نغمے کے خالق بھی ہیں۔ جنید جمشید کی آواز میں یہ نغمہ کچھ یوں گونجا کہ اسے پاکستان کا دوسرا قومی ترانہ کہا جانے لگا۔ آج بھی یہ نغمہ ہر ایک کی زبان پر ہے۔
نثار ناسک جزوی طور پر بینائی سے محروم اور ایمنیزیا کے مریض تھے۔ بدقسمتی سے ان کی زندگی کے آخری ایام کس مپرسی کے عالم میں گزرے۔ 3 جولائی 2019 کو نثار ناسک وفات پا گئے۔
اردو ادب کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور صدارتی تمغے سے نوازا گیا۔ نثار ناسک کا کلام ان کی دو کتابوں ”چوتھی سمت آ نکلا“ اور ”دل دل پاکستان“ میں محفوظ ہے۔