ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

ویڈیو: دل دہلا دینے والی آگ نے پولینڈ کے بڑے شاپنگ سینٹر کو دیکھتے ہی دیکھتے خاکستر کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

وارسا: یورپی ملک پولینڈ کے مرکزی شہر وارسا میں دل دہلا دینے والی آگ نے ایک بڑے شاپنگ سینٹر کو دیکھتے ہی دیکھتے خاکستر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے ایک شاپنگ سینٹر میں آتش زدگی سے تمام 1400 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں، خوف ناک آگ بھڑک اٹھنے کے بعد تیزی سے پھیلتی چلی گئی۔

بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ نے پورے شاپنگ سینٹر کو لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں متعدد کمرشل یونٹس جل کر خاکستر ہو گئے، کالے دھوئیں والے بڑے بڑے شعلے وسیع علاقے پر اٹھتے دیکھے گئے، آگ بجھانے کے عمل میں 200 فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔

- Advertisement -

حکام کا کہنا تھا کہ ’’میری وِلسکا 44‘‘ نامی شاپنگ کمپلیکس میں چودہ سو دکانیں اور سروس آؤٹ لیٹس واقع تھیں اور آتشزدگی کے واقعے میں تمام دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی ہیں، شاپنگ مال کے زیادہ تر دکان داروں کا تعلق ویتنام سے ہے۔ آگ کے نتیجے میں شاپنگ کمپلیکس کا 80 فی صد سے زیادہ حصہ جل گیا اور چھت بھی ڈھ گئی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے تاہم تاجر اپنی روزی روٹی کے نقصان پر مایوسی کا شکار ہیں، کچھ ویتنامی دکان دار کمپلیکس سے اپنا سامان بچانے کے لیے داخل ہونا چاہتے تھے لیکن سیکیورٹی گارڈز نے انہیں روک دیا۔

پولینڈ میں ویت نامی تاجروں کی ایسوسی ایشن نے واقعے کو ہزاروں تاجروں اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک ہولناک سانحہ قرار دے دیا ہے۔ وارسا پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے آگ لگنے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، ابھی تک اس کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں