لاہور/کراچی: سندھ اور پنجاب کے دارالحکومتوں میں پولیس مقابلوں کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور لاہور میں پولیس مقابلے ہوئے جس کے باعث ایک ڈاکو کی ہلاکت ہوئی جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
لاہور کے علاقے سندر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوا جبکہ موقع پر موجود دوسرا ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کی، پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔
کراچی میں سیکیورٹی اداروں کی کارروائی‘ 3 دہشت گرد ہلاک
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کی فائرنگ کے تناظر میں پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی بعد ازاں ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا جبکہ دوسرا موقع سے بھاگ نکلا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں اتحاد ٹاؤن کے علاقے رئیس آمروہی گوٹھ میں اے وی سی سی اورحساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔