لاہور : پولیس نے مائرہ ذوالفقار قتل کیس کے مرکزی ملزم سعد امیر بٹ کو گرفتار کرلیا ، سعد نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی شہری مائرہ قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ، پولیس نے قتل کیس کے مرکزی ملزم سعدامیربٹ کو گرفتار کرلیا ، سعد امیر بٹ کو سی آئی اے کینٹ پولیس نے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق سعد امیر بٹ نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی تھی، جس کے بعد اس کو شامل تفتیش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا جبکہ ظاہر جدون کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے ابھی تک ریکارڈ میں سعد اور اقرا کی گرفتاری نہیں ڈالی۔
اس سے قبل ماہرہ ذوالفقار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مائرہ کو منہ اور گردن پر گولی مار کر قتل کیا گیا تاہم زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔
ویمن میڈیکل آفیسرڈاکٹرسعدیہ انجم کا کہنا تھا کہ مائرہ کی گردن پرپھندے کا نشان پایا گیا جبکہ گردن، بازوں اور دونوں ہاتھوں پر خراشیں بھی پائی گئیں، بال کھینچنے سے سر پر بھی سوجن تھی جبکہ منہ پر گولی لگنے سے دانت بھی ٹوٹےہوئے تھے۔
یاد رہے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والی مائرہ ذوالفقار کے مقدمہ کی تفتیش سی آئی اے پولیس کررہی ہے ، مائرہ ذوالفقارکے قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم سعد امیر بٹ پولیس کے سامنے پیش ہوا تھا۔
ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ میں نے مائرہ ذوالفقار کو قتل نہیں کیا، مائرہ سے دوستی ضرور تھی لیکن کافی عرصہ سے ملاقات نہیں کی۔
اس حوالے سے ایس ایس پی سی آئی اے شعیب خرم جانباز کا کہنا تھا کہ جلد مائرہ ذوالفقار کے قاتل کو گرفتار کرلیں گے، مرکزی ملزم سعد سے مزید تفتیش جاری ہے۔