لاہور: پولیس نے شہر میں جاری ڈکیتیوں کی منظم وارداتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد وارداتوں میں ملوث رام جانے ڈکیت گینگ کے دو ارکان گرفتار کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اقبال ٹاؤن نے کی جس میں گرفتار کیے جانے والے دو ملزمان کے نام احسان عرف رام جانے اور فیروز پندھو ہیں۔
ڈی ایس پی اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن عثمان حیدر کے مطابق ملزمان شہر میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتیں کر چکے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تھانہ ساندہ کی حدود سے گن پوائنٹ پر شہریوں سے دوموٹرسائیکل بھی چھینی تھی، ملزمان نے گرفتاری کے بعد تفتیش کے دوران سات سنگین وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے۔
حراست میں لیے گئے ملزمان کی تحویل سے پولیس نے اسلحہ ،موبائل فونز اور سات موٹرسائیکلیں برآمد کر لی ہیں ،گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔