راولپنڈی : جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے پیش نظر اڈیالہ جیل جانے والا راستہ پولیس نے رکاوٹیں لگا کر بند کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے اڈیالہ جیل جانے والاراستہ رکاوٹیں لگا کر بند کردیا، جیل میں آج 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت مقرر ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اڈیالہ جیل جانے والا راستہ سیکیورٹی وجوہات کے باعث بند کیا، کسی بھی مسافریا عدالت پیش ہونے والے ملزم کو نہیں روکا۔
پولیس نے ٹریفک کی روانی کیلئے سنگل لائن راستہ کھول دیا ہے ، پی ٹی آئی لیگل ٹیم کا کہنا تھا کہ راستہ بند کرنے سے متعلق عدالت کو آگاہ کریں گے، ہم عدالت پیش ہونے آئےہیں لیکن جانے نہیں دیا جارہا۔
خیال رہے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج ہوگی ، جس میں بانی پی ٹی آئی سمیت 119 نامزد ملزمان پر آج فرد جرم عائد کئے جانے کی کارروائی کا امکان ہے۔
بانی بی ٹی آئی سمیت شاہ محمود قریشی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا جائے گا ، جیل میں سماعت کے موقع پر مقدمے کے دیگرملزمان کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
گزشتہ سماعت بانی پی ٹی آئی وکلا کی سیکشن 23 اے ٹی اے کی دائر درخواست کے باعث ملتوی ہوئی تھی جبکہ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر علی امین گنڈا پور سمیت 47 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہیں۔