ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے ساتھی کھلاڑیوں کو ’بھنگی‘ کہہ دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے روہت شرما کے ساتھ انسٹاگرام چیٹ کے دوران یوزویندر چاہل اور کلدیپ یادیو کو بھنگی کہہ دیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے جب یووراج سنگھ کو بتایا کہ لاک ڈاؤن میں چاہل اور کلدیپ نے رقص کیا تو یووراج بولے دونوں بھنگی ہیں۔
یووراج سنگھ کے ساتھ روہت شرما بھی دونوں کھلاڑیوں کا مذاق اڑانے میں پیش پیش رہے اور انہوں نے بھی کلدیپ اور چاہل کو آڑے ہاتھوں لیا۔
یووراج سنگھ کے الفاظ پر دلت انسانی حقوق کے وکیل رجت کلسن نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔
واضح رہے کہ یووراج سنگھ نے کھلاڑیوں کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔
یاد رہے کہ یووراج نے آخری میچ 2017 میں کھیلا تھا، 17 سالوں پر مشتمل کیریئر میں انہوں نے 304 ون ڈے میچز میں 8701 رنز بنائے اور 111 وکٹیں حاصل کیں۔
یووراج کا سب سے یادگار ٹورنامنٹ 2011 کا ورلڈ کپ تھا جس میں ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بھارت ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔