راجن پور: سندھ اورپنجاب کے سرحدی کچے کے علاقے میں بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس کا آپریشن سولہویں روز میں داخل، آئی جی پنجاب نے اگلے مورچوں کا دورہ کیا، پنجاب بھرسے چارسو سے زائد ایلیٹ فورس کے جوان بھی طلب کرلئے گئے۔
آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے نو گو ایریا میں قائم پولیس چیک پوسٹوں کا دورہ کیا جبکہ سونمیانی میں کنڑول روم قائم کردیا گیا۔
آپریشن ضربِ آہن حتمی مراحل میں داخل ہوگیا، آئی جی پنجاب آپریشن کی خود نگرانی کریں گے جبکہ ڈاکووں کی جانب سے پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے اور فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔
سو سے زائد بلٹ پروف ویلنگ مورچے کچے کے علاقہ میں پہنچا دئے گئے ہیں اورپنجاب بھرسے چار سو سے زائد ایلیٹ فورس کے جوان بھی کچے کے ایریا میں پہنچ چکے ہیں۔
آپریشن ضرب آہن میں پولیس کی فائرنگ سے چار ڈاکو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس کے بھی ۶ اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
اس آپریشن میں رحیم یارخان. راجن پور. ڈی جی خان اور مظفر گڑھ پولیس سمیت پاکستان رینجرز کے جوان بھی شریک ہیں جبکہ چھوٹو گینگ کے پاس جدید اسلحہ ہونے کے باعث سولہ روز گزرنے کے باوجود پولیس کو کوئی بڑی کامیابی حاصل نہ ہو سکی ہے