تازہ ترین

پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن، فائرنگ سے پولیس اہکار جاں بحق ، باپ بیٹا گرفتار

لاہور : پنجاب میں پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ سے کانسٹیبل کمال جاں بحق ہوگیا ، جس کے بعد پولیس نے فائرنگ کےالزام میں باپ اور بیٹے کو گرفتار کر لیا.

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے حقیقی لانگ مارچ روکنے کیلئے پنجاب میں پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور پی ٹی آئی کے مرکزی وصوبائی رہنماؤں اور کارکنان کے گھروں پر رات گئے چھاپے مارے۔

کریک ڈاؤن کے دوران لاہور کے علاقہ ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ سے کانسٹیبل کمال جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد پولیس پر فائرنگ کےالزام میں باپ اور بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزمان میں بیٹا عکرمہ اور باپ ساجد شامل تھے ، پولیس نے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس نے بتایا کہ شہری کے گھر چھاپے کے دوران چھت سے فائرنگ کی گئی تھی تاہم فرانزک رپورٹ اورتفتیش کے بعد اصل قاتل کا پتا چل جائے گا۔

کانسٹیبل کمال احمد کےجاں بحق ہونے کے معاملے کی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ کرایہ داری ایکٹ کے تحت پولیس نے آپریشن کیا، ساجد حسین سی 112 کے گھرکی گھنٹی بجائی توفائرنگ کردی گئی۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں کسی سیاسی جماعت کا ذکر نہیں، معاملے کو تحریک انصاف سے کیوں جوڑا جارہا ہے۔

خیال رہے پولیس نے رات گئے سیڑھیاں لگا کر سابق وفاقی وزیرحماداظہر گھر میں کودے جہاں پی ٹی آئی کا اجلاس جاری تھا، اس موقع پر اہلکاروں نےیاسمین راشد کو پکڑنےکی کوشش کی تو وہ زمین پر بیٹھ گئیں۔

اس دوران اہلکاروں نے یاسمین راشدسےموبائل فون چھیننےکی کوشش بھی کی بعد ازاں پولیس نےحماد اظہر کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہونے والے دس پی ٹی کارکنان کوگرفتار کرلیا۔

لاہور میں پولیس نے راجہ بشارت، مسرت جمشید چیمہ، میاں محمود الرشید اور سعدیہ سہیل سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کےگھروں پر چھاپے مارے گئے۔

Comments