کراچی : پولیس نے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے 3 ہزار سے زائد زیر تربیت اہلکاروں کو شہر کی اہم مارکیٹوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئےحکمت عملی پر کام شروع کردیا اور 3 ہزار سے زائد زیر تربیت اہلکاروں کو شہر کی اہم مارکیٹوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ہر زون کی سطح پر1100 زیرتربیت اہلکارخصوصی ڈیوٹیاں انجام دیں گے ، زیر تربیت اہلکاروں کو مارکیٹوں کے اندر اور اردگرد تعینات کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ پولیس اہلکاروں کو سڑکوں پر تعینات کیا جائے گا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس کے مسلح دستے اسٹریٹ کرائمز کے ہاٹ اسپاٹ پربھی تعینات ہوں گے۔
شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ اور موٹر سائیکل سوار اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ روزانہ کی بنیاد پر اسنیپ چیکنگ کے مقامات اور اوقات تبدیل بھی کئے جائیں گے۔
خیال رہے رواں سال کے تین ماہ کے دوران کراچی کے 19 ہزار سے زائد شہریوں کو موٹر سائیکل، موبائل فون اور گاڑیوں سے محروم کردیا گیا جبکہ مزاحمت کرنے پر چونتیس شہری ڈاکوں کی فائرنگ سے قتل بھی ہوئے۔
رواں سال جنوری میں 7000 سے زائد شہریوں کو گاڑیوں موٹرسائیکلوں اور موبائل فون سے محروم کیا گیا، فروری میں یہ تعداد ساڑھے چھ ہزار سے زائد رہی، اور مارچ میں بھی 6 ہزار سے زائد شہریوں کو قیمتی سامان سے محروم کردیا گیا۔