منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران 4 پولیس مقابلے، ایک ہلاک، 7 زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران 4 مبینہ پولیس مقابلے ہوئے ہیں، جن میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک، 7 زخمی اور 10 گرفتار ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق چند دنوں سے تواتر کے ساتھ کراچی شہر میں راتوں کو مبینہ پولیس مقابلے ہو رہے ہیں، گزشتہ رات بھی چار مقابلے ہوئے، جن میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پہلا مقابلہ کورنگی صنعتی ایریا اللہ والا ٹاؤن سیکٹر 31 جی میں 5 رکنی ڈکیت گینگ سے ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمیوں سمیت 5 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، 3 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد ہوا، ملزمان شہری سے واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے، واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تعاقب کیا تو مقابلہ ہو گیا، زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال روانہ کر دیا۔

دوسرا پولیس مقابلہ کریم آباد میں گرلز کالج کے قریب ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے اسلحہ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

تیسرا مقابلہ عزیز آباد بلاک 8 میں ہوا، جس میں 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، ڈاکوؤں سے 2 پستول، موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے، گرفتار زخمی ڈاکوؤں کی شناخت وقار، مشتاق، محمد عیسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوتھا مبینہ مقابلہ صفورا میں ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، ہلاک ڈاکو سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں