قصور: پنجاب کے شہر قصور میں تھانہ صدر کی حدود میں پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک جب کہ ایک پولیس اہل کار شہید ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق قصور میں تھانہ صدر کے علاقے پیر والا روڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل فیصل شہید جب کہ دو ڈاکو موقع ہی پر ہلاک ہو گئے۔
مقابلے کے بعد ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ضلع بھر کی پولیس قصور پہنچ گئی، راستوں کی ناکہ بندی کر کے ڈاکوؤں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
پولیس مقابلے میں ہلاک 4 لڑکوں سے دو دو لاکھ رشوت مانگی گئی تھی
پولیس حکام کے مطابق یہ مقابلہ پیر والا روڈ کے قریب پیش آیا، جب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان کو ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جس سے ایک اہل کار شہید ہو گیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ڈاکو ہلاک اور ان کے ساتھی فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات ہی شیخو پورہ میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 ڈاکو ہلاک کیے گئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ چٹی کوٹھی روڈ پر ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
دوسری طرف دو دن قبل پنجاب کے شہر وہاڑی میں بورے والا کے چک 519 ای بی کے قریب ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا، مقتولین کے ورثا کا کہنا ہے لڑکے 7 دن سے پولیس حراست میں تھے، پولیس نے فی کس 2،2 لاکھ روپے رشوت مانگی تھی، رشوت نہ دینے پر لڑکوں کو مقابلہ ظاہر کر کے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔