اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی سکیورٹی واپس لینے سے متعلق وضاحت کر دی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ دارالحکومت پولیس نے عمران خان سے سکیورٹی واپس نہیں لی، پولیس سکیورٹی واپس لینے سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کی مذمت کرتی ہے۔
پولیس نے کہا کہ چند افراد جھوٹی مہم چلا رہے ہیں، عوام کسی بھی خبر کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کریں۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنے فرائض منصبی نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہی ہے۔#ICTP
— Islamabad Police (@ICT_Police) August 21, 2022
واضح رہے کہ 9 اگست کو اسلام آباد پولیس نے بتایا تھا کہ عمران خان کی فُول پروف سکیورٹی کے لیے 76 سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔
پولیس کے مطابق سابق وزیر اعظم کے ساتھ ایک ایس پی بطور چیف سکیورٹی افسر تعینات ہیں، بنی گالہ کی طرف کسی بھی قسم کا کوئی آپریشن تا حال نہیں ہو رہا، اسلام آباد پولیس قانون کے تحت تمام اقدامات کرے گی۔