تازہ ترین

کراچی، 2 سال میں 15 شہری پولیس گردی کا شکار

کراچی: کراچی پولیس شہریوں کی جان کی دشمن بن گئی، دو سال میں 15 شہری پولیس گردی کا نشانہ بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں دو سال کے دوران 15 شہری پولیس اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی کی بھینٹ چڑھ گئے تاہم یہ سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا اور آج ایک اور نوجوان نبیل پولیس کی گولی کا نشانہ بن گیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال 6 اپریل کو قائد آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ سے 12 سالہ سجاد جاں بحق اور 10 سالہ عمر زخمی ہوا۔

رواں سال 16 اپریل کو سچل میں پولیس فائرنگ سے ڈیڑھ سالہ احسن جاں بحق ہوا، 22 فروری کو نارتھ کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں میڈیکل کی طالبہ نمرہ جاں بحق ہوئی۔

مزید پڑھیں: پولیس کے ہاتھوں قتل کروڑ پتی کا مقدمہ درج، اے آر وائی نیوز نے اصل کہانی معلوم کرلی

جنوری 2018 کو شارع فیصل پر پولیس اور ڈاکوؤں کے مقابلے میں شہری مقصود قتل ہوا، جنوری میں ہی مبینہ پولیس مقابلے میں نقیب اللہ محسود کو تین افراد سمیت قتل کردیا گیا۔

تیرہ جنوری 2018 کو ڈیفنس میں پولیس نے فائرنگ کرکے نوجوان انتظارکو قتل کیا، گزشتہ سال اگست میں گڈاپ میں مبینہ مقابلے میں راہگیر نوجوان بلال جاں بحق ہوا۔

اسی طرح گزشتہ سال اگست میں ڈیفنس میں پولیس مقابلے میں کار میں سوار بچی امل جان سے گئی، یکم اگست 2018 کو نارتھ کراچی میں مبینہ پولیس فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوا۔

گلشن ٹاؤن مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں جون 2018 میں پولیس اسکواڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی جس میں زد میں آکر شہری زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

Comments

- Advertisement -