لاہور : غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر موٹرمکینک نے پولیس انسپکٹر کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ واردات کے بعد ملزم نے خود گرفتاری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں موٹرمکینک نے کئی علاقوں میں ایس ایچ او رہنے والے پولیس افسر کو گولیاں ماردیں، قتل کی لرزہ خیز واردات شیرا کوٹ میں ہوئی۔
انسپکٹر سیف اللہ نیازی نے موٹرمکینک عدیل کو سامان لینے بھیجا اور تاخیر پر غیراخلاقی الفاظ استعمال کرنا شروع کردیے، جس پر عدیل طیش میں آیا اور سیف اللہ نیازی کو گولیاں مار دیں۔
قتل کے بعد عدیل نے موقع پر ہی پولیس کو گرفتاری دے دی، ملزم کا کہنا تھا سیف اللہ نیازی کو اس کے ہی سرکاری پستول سے قتل کیا۔
لاہور کے کئی تھانوں میں ایس ایچ او رہنے والے سیف اللہ نیازی نے بابوصابو چیک پوسٹ پر بطور انچارج تعیناتی کے باعث قریب ہی رہائش رکھی تھی، تاہم کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین نے شواہد جمع کرلیے ہیں۔
بعد ازاں شیرا کوٹ کے علاقے میں انسپکٹر سیف اللہ نیازی کے قتل کا مقدمہ اس کے بیٹے بابر خان کی مدعیت درج کرلیا گیا، مقدمہ ملزم عدیل کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مدعی مقدمے کا کہنا تھا کہ میرے والد اپنی رہائشگاہ کیساتھ پلازہ کی چھت پرواک کر رہے تھے کہ ملزم عدیل نے فائرنگ کرکے والد کو قتل کر دیا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ والد کی ملزم عدیل سےورکشاپ کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے پر تلخ کلامی ہوئی تھی، ملزم عدیل نے رنجش میں انسپکٹر کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔