کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس اہلکار نوید تنولی کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی ہے، ملزمان پر دس دس لاکھ روپے جرمانہ عائد جبکہ دو ملزمان کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس اہلکار نوید تنولی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔
ملزمان میں حاجی نیک محمد، خالد منشا اور شیر زمان شامل ہیں۔ سرکاری وکیل کے مطابق ملزمان پر دس دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ،عدالت نے دو ملزمان سائیں بخش اور علی سولنگی کو بری کردیا، ملزمان نے2011 میں کورنگی انڈسٹریل ایریا میں فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو قتل کیا تھا۔
عدالت نے ایک اور پولیس مقابلے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر تین ملزمان کو سزا سنادی، عدالت نے ملزمان کو پندرہ پندرہ سال قید کی سزا سنائی، ملزمان میں فرحان میمن، شاہ نواز اور عبد الحق شامل ہیں، ملزمان کے خلاف شاہراہ فیصل تھانے میں پولیس مقابلہ اور غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج ہے۔
علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کے فرنٹ مین اظہار حسین کو 9مئی تک جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا ہے۔
منگل کو احتساب عدالت میں سابق وزیر شرجیل میمن کے فرنٹ میں اظہار حسین کو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کو نو مئی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
نیب کے مطابق ملزم سابق وزیر شرجیل میمن کا فرنٹ مین ہے، ملزم پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، ملزم کے قبضے سے مختلف پراپرٹیز کے دستاویزات ملی ہیں، ملزم کو گذشتہ رات ڈیفنس کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔