کراچی : قانون کی دھجیاں بکھرنے والے اعجاز مغل نامی پولیس افسر کو شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے نیوائیر نائیٹ کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا، اعجازمغل ڈی آئی جی، ایس آر پی کے پرسنل اسٹاف افسر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئے پولیس کی کارروائیوں میں نیوائیر نائیٹ کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں اعجاز مغل نامی پولیس افسر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ملزم سب انسپکٹر اعجازمغل ڈی آئی جی، ایس آر پی کے پرسنل اسٹاف افسر ہیں۔
گرفتار ملزم سب انسپکٹر اعجاز مغل نے نئے سال کے جشن کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی تھی اور ہوائی فائرنگ کی وڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی تھی۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے شاہ لطیف ٹاوٴن میں سب انسپکٹر اعجاز احمد مغل کی ہوائی فائرنگ کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر مذکورہ سب انسپکٹر کو معطل کرنے اور گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے نیو ائیر نائٹ پرہوائی فائرنگ پرپابندی لگائی تھی۔
دوسری جانب کراچی میں پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، کارروائیاں شرافی گوٹھ ، گارڈن اور نیوکراچی کے علاقوں میں کی گئیں۔
کارروائیوں کے نتیجے میں گرفتارملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، مسروقہ سامان اور موٹرسائیکل برآمد کی گئیں۔
کراچی کے علاقے لانڈھی زمان آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے ،اسلحہ برآمد ، پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔