فیصل آباد: پی ٹی آئی احتجاج کے دوران حکومت، پولیس افسران کےخلاف ویڈیو بناکر وائرل کرنے والے اہلکار کو برطرف کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹيبل عمران کو انکوائری کے بعد ملازمت سے برخاست کردیا گیا ہے، مذکورہ اہلکار کے برطرفی کے احکامات ایس ایس پی آپریشنز عبدالوہاب نے جاری کیے ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اہلکار نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران ویڈیو بناکر وائرل کی تھی، ویڈیو میں حکومت اور افسران کےخلاف ناروا الفاظ استعمال کیے گئےتھے۔
پاکستان تحریک انصاف کی اسلام آباد میں آج احتجاج کی کال کے پیش نظر نہ صرف اسلام آباد کو سیل کیا گیا تھا بلکہ موٹروے اور جی ٹی روڈ بھی بند کردیا گیا تھا تاکہ پنجاب کے شہروں سے لوگ نہ آسکیں جس کی بنا پر کارکنان نے اپنے شہروں میں بھی احتجاج کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے مظاہرین کو روکنے کے لیے دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کے ساتھ اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستوں پر کنٹینررکھ دیے گئے تھے جبکہ موٹر وے کو بھی کئی پوائنٹس سے سیل کیا گیا تھا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرین میں سے خیبر پختونخوا پولیس کے 11 اہلکار کے ساتھ 120 افغان شہری بھی گرفتار کیے گئے تھے۔