منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

ڈکیتی کی کال نظر انداز کر کے پوکے مون گو کھیلنے والے پولیس افسران فارغ

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی شہر لاس اینجلس کے محکمہ پولیس نے اپنے 2 افسران کو ملازمت سے برخاست کردیا جن پر یہ الزام ثابت ہوگیا کہ وہ ایک ڈکیتی کی کال نظر انداز کر کے ورچوئل رئیلٹی گیم پوکے مون گو کھیلتے رہے۔

مذکورہ واقعہ سنہ 2017 میں پیش آیا تھا جب رات کے وقت پٹرول آفیسر نے ڈیوٹی پر موجود دونوں اہلکاروں کو ایک اسٹور میں ڈکیتی کی اطلاع دی اور انہیں موقع پر پہنچنے کا کہا۔

تاہم دونوں اہلکار کال کو نظر انداز کر کے پوکے مون گو کھیلنے میں مصروف رہے اور گیم کے خیالی کردار کو پکڑنے کے لیے شہر میں ادھر ادھر گھومتے رہے۔

عدالت میں پیش کردہ دستاویز میں کہا گیا کہ دونوں افسران نے جان بوجھ کر ایمرجنسی کال نظر انداز کی اور دوران ڈیوٹی گیم کھیلتے رہے۔

واقعے کے وقت دونوں نے بہانہ کیا کہ انہیں ریڈیو پر پٹرول سپروائزر کی آواز ٹھیک سے سنائی نہیں دی، تاہم کار میں موجود ریکارڈنگ سسٹم سے ان کا بھانڈا پھوٹ گیا جس میں ریڈیو کی آواز صاف سنائی دے رہی ہے۔

ریکارڈنگ میں سنا جاسکتا ہے کہ دونوں افسران ایمرجنسی کال کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے کھیل کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے رہے۔

دونوں افسران کو ان کی ملازمت سے برخاست کیا جاچکا ہے جبکہ ان کے خلاف مزید کارروائی بھی متوقع ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں