کراچی : پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم منشیات فروش کا ویڈیو بیان منظر عام پرآگیا، جس میں ملزم نے منشیات فروشی کی سرپرست پولیس اہلکاروں کے نام بتادیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اہلکاروں کی منشیات فروشوں کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف سامنے آیا۔
زمان ٹاون پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم منشیات فروش کا ویڈیو بیان سامنے آیاہے ، جس میں ملزم سدھیرنے منشیات فروشی کی سرپرست پولیس اہلکاروں کے نام بھی بتائے۔
ملزم سدھیر نے کہا ہے کہ میں دو سال سے منشیات بیچ رہا تھا،میری پولیس سے سیٹنگ ہے ہر ہفتے پیسے دیتا تھا۔
ملزم سدھیر نے انکشاف کیا اے ایس آئی شفیق اور سپاہی منیب کو پیسے دیتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سدھیر کو دوران گشت پولیس نے چیکنگ کے دوران منشیات برآمدگی پر حراست میں لیا، اس سے قبل بھی ملزم سدھیر متعدد مرتبہ گرفتار ہوچکا ہے۔
حکام کے مطابق ملزم سے منشیات،رقم اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی اور ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔