راولپنڈی: پولیس نے لال حویلی پر رات گئے دوسرا چھاپا مارا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری کے لیے لال حویلی پر چھاپا مارا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیخ راشد شفیق لال حویلی میں موجود نہیں تھے، اس لیے انھیں گرفتار نہیں کیا جا سکا، پولیس حکام کے مطابق شیخ راشد شفیق کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے احکامات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 3 ایم پی او (مینٹین پبلک آرڈر) کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو جس طرح مشتعل کارکنان نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ کیا، اس کے بعد پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔