کراچی : نسلہ ٹاور کیس میں ذمہ داران کےخلاف مقدمےکامعاملہ پولیس کے گلے میں اٹک گیا، عدالت کا کہنا ہے کہ پولیس کو اینٹی کرپشن کی دفعات مقدمے میں درج کرنے کا اختیار نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں نسلہ ٹاور کیس میں ذمہ داران کےخلاف مقدمےکامعاملہ پولیس کے گلے میں اٹک گیا، پولیس نےسابق ڈپٹی ڈائریکٹرکےایم سی وسیم مغل کو گرفتارکرلیا۔
مقدمے میں پی ای سی ایچ ایس کےسابق اعزازی سیکریٹری نویدبشیر کو پہلےگرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام صبح سے ملزمان کولیکرعدالتوں کے چکرلگاتی رہی ، پولیس نےجوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے ایم سی کو پیش کیا ، عدالت نے تفتیشی افسر کو اینٹی کرپشن عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔
اینٹی کرپشن عدالت کی جج کی رخصت کےباعث ملزمان کولنک عدالت میں پیش کیا گیا تو لنک عدالت ڈسٹرکٹ جج جنوبی نےملزمان کا ریمانڈدینے سے انکار کردیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ پولیس کو اینٹی کرپشن کی دفعات مقدمے میں درج کرنے کا اختیار نہیں، جس کے بعد تفتیشی افسر نے ملزمان کو پیش کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرسے رجوع کرلیا ہے۔